کوئٹہ: صوبائی حکومت کے بلند و بانگ دعوؤں کے باوجود بلوچستان کے ڈسٹرکٹ قلعہ عبداللہ میں بدھ کوپولیو کے ایک نیا پولیو کیس ظاہر ہو گیا ہے۔
یونیسف ذرائع کے مطابق پولیووائرس ڈسٹرکٹ قلعہ عبدللہ کی یونین کونسل مائیزئی کی ایک اٹھارہ ماہ کی بچی میں پایا گیا ہے۔
ڈاکٹروں نے بھی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق کردی ہے۔
یاد رہے کہ بلوچستان میں پولیو کا یہ کیس تقریباً ڈھائی سال کے بعد ظاہر ہوا ہے۔
یونیسف ذرائع کے مطابق پولیو کا شکار ہونے والی بچی کا خاندان کراچی میں گزشتہ چار برس سے رہائش پذیر تھا اور رواں سال قلعہ عبداللہ منتقل ہوگیا۔
اس نئے کیس کے انکشاف کے ساتھ ہی پاکستان میں پولیو کیسز کی تعداد 102 تک جا پہنچی ہے۔
کوئٹہ میں پولیووائرس کی موجودگی کی اطلاعات کے باعث اس سال جون میں بلوچستان حکومت نے ایمرجنسی پولیو مہم شروع کی تھی۔
صوبائی وزیر صحت رحمت بلوچ نے نمائندہ ڈان ڈاٹ کام کو بتا یا کہ سال 2011 کے دوران بلوچستان میں رپورٹ ہونے والے 73 پولیو کیسز میں سے 22 کیس قلعہ عبداللہ میں رپورٹ ہوئے تھے۔
بلوچ کے مطابق ‘وہ سال بلوچستان کے لیے بدترین سال تھا’۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ صوبے سے پولیو کے خامتے کے لیے پر عزم ہے۔