|

وقتِ اشاعت :   July 24 – 2014

اسلام آباد: غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف وزیراعظم نوازشریف نے کل ملک بھر میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نواشریف نے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام پر کل جمعتہ الوداع کو ملک بھر میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے جبکہ اس موقع پر غزہ کے مظلوموں سے اظہار یکجہتی کے لیے قومی پرچم بھی سرنگوں رہے گا۔ وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے فلسطینیوں کے لیے 10 لاکھ ڈالر امداد کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے اس سے قبل بھی اسرائیلی جارحیت کے خلاف مذمتی بیان جاری کیا گیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو مسلمہ اُمہ کی خاموشی نے نہتے فلسطینیوں پر جارحیت کا موقع دیا  ہے جبکہ دوسری جانب غزہ پر اسرائیل کی بمباری بھی جاری ہے جس میں اب تک 735 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں بچوں اور خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔