|

وقتِ اشاعت :   July 24 – 2014

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے یکم اگست سے آزادی تقریبات کا اعلان کر دیا، تقریبات تیس روز تک جاری رہیں گی۔ 13اگست کی رات پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے فوجی پریڈ جبکہ 14اگست کی صبح پرچم کشائی ہوگی۔۔دونوں تقریبات میں تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان سب کا ہے اور 14 اگست کو پاکستان کے دشمنوں کو پیغام دیں گے کہ ہم سب متحد ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں آزادی تقریبات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ تقریبات کے دوران ارکان پارلیمنٹ شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کی قبروں پر پھول اور چادر چڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تقریبات کا آغاز یکم اگست کو جمعہ کے دن سے ہی ہوگا اور اس دن سے ملک بھر میں قومی پرچم لہرانے کی تحریک کا آغاز ہوگا۔ خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ 11 اگست کو پشاور سے آزادی ٹرین چلے گی، جو 11 ستمبر کو کراچی پہچ کر اپنا سفر ختم کرئے گی، آزادی کی تقریبات میں ملک بھر میں مشاعرے، کھیلوں اور تقاریر کے مقابلے کروائے جائیں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے قومی پریڈ ہوگی جس کی تفصیلات کا اعلان آئی ایس پی آر کی جانب سے کیا جائے گا، 14 اگست کی صبح قومی پرچم کشائی کی روایتی تقریب ہوگی، یہ تقریب کنونشن سینٹر یا ایوان صدر میں کی جائے گی۔ عمران خان کے آزادی مارچ کے حوالے سے خواجہ سعد رفیق نے جواب دینے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کوئی متنازع بات نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو جمہوریت پسند ہے اور قوم جہوری نظام حکومت کو ہی پسند کرتی ہے، عوام ووٹ کے ذریعے تبدیلی پر یقین رکھتے ہیں، یہ تمام شہریوں کا فرض ہے کہ وہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔