|

وقتِ اشاعت :   July 25 – 2014

کراچی : کراچی میں بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر کے 60 فیصد علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی ہے۔ تقریبا نو گھنٹے کی بندش کے بعد جن علاقوں میں بجلی بحال ہوئی ہے ان میں کلفٹن، گزری، ناظم آباد، گلشن اقبال شامل ہیں۔ یاد رہے کہ نیشنل گرڈ لائن میں آج صبح پیدا ہونے والی فنی خرابی کے باعث پورے کراچی کی بجلی معطل ہوگئی تھی۔ کراچی سمیت سندھ کے بیشتر شہروں میں آج صبح سے ہی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے تاہم کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بجلی کی فراہمی میں تعطل کی وجہ بارش نہیں بلکہ نیشنل گرڈ سے آنے والی لائن میں خرابی تھی۔ بجلی کی فراہمی معطل ہونے کی وجہ سے واٹر بورڈ کے تمام پمپنگ اسٹیشنز نے بھی کام کرنا بند کردیا جس کی وجہ سے شہر کو پانی کی فراہمی میں بھی خلل پیدا ہوا۔ دوسری جانب جامشورو میں تھرمل پاور اسٹیشن کی سپلائی لائن میں آگ لگ جانے کے باعث سندھ کے متعدد علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔