کوئٹہ :صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نیو سریاب روڈ پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
ہیڈ کانسٹیبل منیر احمد اور کانسٹیبل نجیب اللہ پوسٹ آفس پر اپنی ڈیوٹی دینے کے لیے جارہے تھے کہ سریاب روڈ پر دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اُن پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں دونوں پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے، جنہیں سول ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی وہ دَم توڑ گئے۔
ڈان نیوز کے نمائندے کے مطابق ملزمان اپنے ساتھ پولیس اہلکاروں کا اسلحہ بھی لے گئے ہیں۔