اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی بربریت کی انتہا ہوگئی، اقوام متحدہ اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لئے اپنی فورسز غزہ بھجوائے۔
سابق وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں فلسطینی سفارتخانے کا دورہ کیا اور فلسطینی حکام سے غزہ میں ہونے والی صیہونی بربریت پراظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے فلسطینی سفیر ولید ابو علی کو یقین دلایا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتی ہے۔ رحمان ملک نے مطالبہ کیا کہ پاکستان یواین فورسز غزہ میں بھیجنے کے لئے اقوام متحدہ میں قرار داد پیش کرے۔
دوسری جانب فلسطینی سفیر ولید ابو علی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی افواج نہتے فلسطینیوں کو نشانہ بنا رہی ہے جبکہ سفاکیت کے دوران 1300 سے زائد افراد کو شہید کیا جاچکا ہے لہذا دنیا کو اسرائیلی مظالم بند کرانے کے لئے کردار ادا کرنا چاہیئے۔