|

وقتِ اشاعت :   August 1 – 2014

اسلام آباد: دارالحکومت اسلام آباد کو آج یکم اگست سے تین مہینے کے لیے فوج کے حوالے کیا جا رہا ہے جو سیکیورٹی کے معاملات میں سول انتظامیہ کی معاونت کرے گی۔ خیال رہے کہ حکومت نے گزشتہ مہینے 25 جولائی کو اسلام آباد کو آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت یکم اگست سے فوج کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس فیصلے سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت درخواست کردی گئی ہے اور اس آرٹیکل کے تحت اسلام آباد فوج کے حوالے کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ملک کی مختلف سیاسی جماعتیں پہلے ہی حکومت کے اس فیصلے کی مخالفت کرچکی ہیں۔ وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے 27 جولائی کو اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ واضح کیا تھا کہ فوج طلب کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ اسلام آباد کا کنٹرول فوج کے حوالے کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ فیصلہ صرف سیکیورٹی کے معاملات میں سول انتظامیہ کی مدت کے لیے کیا گیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فوج کو طلب کرنے کا حتمی فیصلہ جی ایچ کیو میں ہوا تھا۔