|

وقتِ اشاعت :   August 1 – 2014

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے ساؤتھ ہمپٹن ٹیسٹ میں انگلینڈ کے ہاتھوں ہندوستان کی شکست پر کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ 266 رنز سے ہارنا ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے۔ جمعہ کے روز این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے سابق کپتان کا کہنا تھا کے لنچ ٹائم سے پہلے ہی ہار جانا ٹیم میں مقابلے کے فقدان کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے لارڈز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، لیکن ساؤتھ ہمپٹن میں ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ ساؤتھ ہمپٹن میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں شکست کے بعد بھارتی ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ انگلینڈ کی پچھلے 11 ٹیسٹ میچوں یہ میں پہلی فتح ہے، جبکہ ہندوستان کی شکست کے بعد 5 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔ ریکارڈ ساز اوپنر اور ٹی وی کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے کہا کہ ہندوستانی کھلاڑیوں کے غیر سنجیدہ اور لاپرواہ کھیل نے انگلینڈ کے مورال کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لارڈز میں فتح کے بعد ہندوستان مضبوط پوزیشن میں تھا، لیکن ساؤتھ ہمپٹن ٹیسٹ کے بعد ٹیم کافی مشکلات کا شکار ہو گئی ہے۔ دوسری طرف سابق کپتان سارو گنگولی نے ہندوستانی بیٹسمینوں کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کے بیٹسمینوں کی کمزوری کی وجہ سے آف سپنر معین علی کو 6 وکٹیں لینے کا موقع ملا۔ گنگولی نے ٹیم میں شکھر دھون کی جگہ گوتم گیر ں کو شامل کرنے پر زور دیا اور کہا کے فاسٹ بولر ورن آرون کو موقع دینا چاہیے۔