|

وقتِ اشاعت :   August 1 – 2014

کراچی: عید الفطر کے دوران سمندر میں طغیانی کے پیش نظر ڈوبنے والے مزید 9 افراد کی نعشیں نکال لی گئیں ہیں جس کے بعد اب تک نکالی گئی نعشوں کی تعداد 36 ہوگئی ہے۔ کراچی میں عیدالفطر کے دوران تفریح کرتے ہوئے ڈوبنے والے افراد کی نعشوں کو نکالنے کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے، سرچ آپریشن میں پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر،غوطہ خور اور اسپیڈ بوٹس  حصہ لے رہی ہیں، آج صبح سے مزید 9 افراد کی نعشیں نکال لی گئی ہیں جس کے بعد نکالی گئی نعشوں کی تعداد 36 ہوگئی ہے جبکہ مزید 3 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش آج شام غروب آفتاب تک جاری رہے گی۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ نکالی جانے والی نعشیں مسخ شدہ ہیں اس لئے ان کی شناخت کپڑوں سے کی جارہی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سانحہ سی ویو کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے سوگ میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں آج ہونےوالی عید ملن کی تقریبات منسوخ کردی ہے جبکہ لواحقین کو 2،2 لاکھ روپے دینے کا اعلان کردیا ہے۔ واضح رہے کہ مقامی انتطامیہ نے سمندر میں طغیانی کے پیش نظر سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کردی تھی لیکن عید الفطر کے دوران لوگوں کی بڑی تعداد تفریح کی غرض سے ساحل سمندر پر پہنچی اور پولیس و انتظامیہ انہیں سمندر سے دور رکھنے میں ناکام رہی جس کی وجہ سے سے یہ اندوہناک سانحہ پیش آیا۔