|

وقتِ اشاعت :   August 3 – 2014

ساہیوال: پاکستان مسلم لیگ ن نے صوبہ پنجاب کے ضلع ساہیوال میں یوم آزادی کے حوالے سے مختلف تقریبات کے لیے اپنی حکمتِ عملی تیار کرلی ہے۔ مسلم لیگ ن کے علاقائی عہدیدار اور کارکنان 14 اگست کی تقریبات کے انعقاد میں نوجوانوں پر توجہ مرکوز کررہے ہیں اور ریلیوں، سیمینار، دعائیہ تقریبات کے علاوہ قومی ترانوں کے مقابلوں سمیت دیگر تقریبات کے لیے انہیں متحرک کیا جارہا ہے۔ مسلم لیگ ن کے ضلعی سیکریٹری جنرل راؤ نذر فرید نے میڈیا کو بتایا کہ 14 اگست کے دن پارٹی کارکنوں کی جانب سے ضلع کے تمام چوکوں پر پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں مسلم لیگ ن کے کارکن ان شخصیات کی فہرست بھی تیار کررہے ہیں جنہوں نے ملکی دفاع کے لیے اپنی جانیں دی ہیں۔ راؤ نذر فرید کا کہنا تھا کہ اس دن مسلم لیگ ن کی ضلعی قیادت ان قومی ہیروز کی قبروں پر جاکر انہیں خراج تحسین بھی پیش کرے گی۔ اس کے علاوہ ساہیوال کی تحصیل میونسپل انتظامیہ کو بھی ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ وہ اپنے علاقوں میں تقریبات کا انعقاد کریں۔ ضلع ساہیوال میں آرٹس کونسل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریاض کا کہنا ہے کہ آرٹس کونسل کے احاطے میں بھی یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ ڈی سی او ڈاکٹر ساجد محمود ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں پرچم کشائی کی تقریب کی میزبانی کریں گے۔ واضح رہے کہ مبصرین مسلم لیگ ن کے آزادی مارچ کو تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ سے منسلک کررہے ہیں۔