|

وقتِ اشاعت :   August 3 – 2014

نیویارک : دیانتداری سے دیکھا جائے تو ہم ہمیشہ سے ہی جوتوں کو بہت اسمارٹ مانتے ہیں، جو ہمارے پیروں کو پتھر، شیشے اور دیگر نقصان دہ اشیاء سے بچاتے ہیں مگر ٹیکنالوجی نے آپ کے جوتوں کو پہلے سے بھی زیادہ اسمارٹ بنا دیا ہے۔ ایک انڈین کمپنی نے ایسا جوتا تیار کیا ہے جس کے تلوں میں ایک اپلیکشن اور گوگل میپس کا امتزاج موجود ہے جو آپ کو مطلوبہ مقام کی جانب جانے پر مجبور کردیتا ہے۔ یہ جوتا اور اس کا سول دونوں اسمارٹ فون سے بلیوٹوتھ کے ذریعے جڑے ہوتے ہیں اور جب آپ اس کی اپلیکشن میں کسی مقام کا پتا ڈال دیتے ہیں تو ہر مڑنے کے مقام پر آپ کا دایاں یا بایاں جوتا وائبریٹ کرنے لگتا ہے۔ یہ جوتے درحقیقت نابینا افراد کیلئے تیار کئے گئے تھے جنھیں ان کی چھڑیوں سے جوڑا گیا تھا، تاہم اب کمپنی نے اسے عام افراد کیلئے بھی تیار کرنا شروع کردیا ہے۔ یہ جوتے نہ صرف آپ کو منزل کی جانب لے کر جاتے ہیں بلکہ ان میں پیڈومیٹر اور کیلیوری ٹریکر بھی موجود ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ جوتے انسانی جسم کا قدرتی جز ہے، آپ کبھی بھی انہیں پہننا نہیں بھولتے۔ یہ انوکھے جوتے رواں سال ستمبر میں سو ڈالرز کے عوض فروخت کیلئے پیش کیا جائے گا اور اسے آئی فون، آنڈروئیڈ اور ونڈوز فون کے ساتھ باآسانی استعمال کیا جاسکے گا۔