غزہ: اسرائیل کی جانب سے فلسطینوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور آج اتوار کو جنوبی غزہ میں واقع اقوامِ متحدہ کے ایک اسکول پر بمبماری میں کم سے کم دس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ جس اسکول پر بمباری کی گئی وہاں پر بے گھر فلسطینوں نے پناہ لی ہوئی تھی۔
غزہ میں ایمرجنسی سروسز کے ترجمان اشرف القدرہ کا کہنا ہے کہ اس حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔
فلسطین میں اقوامِ متحدہ کی ایجنسی برائے پناہ گزین کے ترجمان کرس گننس کا کہنا ہے کہ اس اسکول میں ہزاروں کی تعداد میں نقلِ مکانی کرنے والے افراد موجود تھے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے جس وقت یہ حملہ ہوا لوگوں غذائی اشیاء کے لیے لائنوں میں کھڑے تھے۔
اس حملے کے بعد اسرائیلی فوج نے فوری طور پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دس روز میں اسرائیل کی جانب سے تیسری مرتبہ غزہ میں اقوامِ متحدہ کے اسکول کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ غزہ میں آٹھ جولائی سے شروع ہونے والے اسرائیلی حملوں میں اب تک 1,740 فلسطینی ہلاک اور 9,080 زخمی ہو چکے ہیں۔
اس سے پہلے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے کہا تھا کہ حماس کی سرنگوں کا نیٹ ورک تباہ ہونے کے بعد بھی اسرائیلی سیکیورٹی ضروریات کے مطابق غزہ میں آپریشن جاری رہے گا۔