اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشیدوفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ چوہدریوں کے کندھے پر فساد کی سیاست کرنے والا کینیڈا بھاگنے والا ہے۔
ڈاکٹر طاہر القادری کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ انقلاب کی سیاست آخری سانسیں لے رہی ہے۔
انہوں نے طاہرالقادری کو ٹیکس چوروں کے ٹولے کا سربراہ قرار دیتے ہوئے سوال کیا کہ چوہدریوں کو قدموں میں بٹھا کر طاہر القادری کس آئین اور قانون کی بات کر رہے ہیں۔
اس سے قبل راولپنڈی میں جشن آزادی کے سلسلے میں ہونے والی پرچم کشائی کی ایک تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا 14 اگست کے روز اسلام آباد میں تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ اور جلسے کے دوران اگر دہشت گردی ہوئی تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہوں گے۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ جلسے کو پرامن بنانے کے لیے عمران خان کو یقین دہانی کروانی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کے بزرگوں نے لانگ مارچ اور تھوڑ پھوڑ سے نہیں بلکہ پاکستان کو ایک جمہوری جدوجہد سے حاصل کیا ہے اور مسلم لیگ ن بزرگوں کی روایات پر عمل پیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ نون لیگ نے گزشتہ 12سالوں میں آمریت کا مقابلہ کیا ہے، لیکن کسی پر جھوٹے الزامات نہیں عائد کیے۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ نون لیگ کی حکومت نے تمام شعبوں میں بہتری کی اور اسے دنیا نے بھی تسلیم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جس راستے کا انتخاب کیا ہے وہ ترقی کی جانب جاتا ہے اور یہ وہ راستہ ہے جو شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کو ختم کرکے ملک میں استحکام لے کر آئے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نون لیگ کی حکومت نے ملک کو اقتصادی حالت کو بھی کافی حد تک بہتر کیا ہے۔
وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان نے قومی اسمبلی سے استیفوں کا فیصلہ کیا تو پارٹی میں بغاوت ہوجائے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مشرف کے ریفرنڈم میں ساتھ دینے والے ایک بار پھر اکھٹے ہوچکے ہیں اور ہم ان عناصر کا مکمل مقابلہ کریں گے۔
عمران خان طالبان کی حمایت کرتے ہیں: عابد شیر علی
اسی دوران وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے اتوار کی صبح ایک میڈیا بریفنگ کے دوران تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان پر الزام عائد کیا کہ وہ طالبان کی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اس وقت قوم کو تقسیم کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو طالبان آرگنائز کررہے ہیں۔