|

وقتِ اشاعت :   August 5 – 2014

اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے  مشاورتی اجلاس میں سیاسی قائدین نے جمہوریت، پارلیمنٹ اور آئین کو ہرصورت بالادست رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس میں نواز شریف کی زیر صدارت سیاسی قائدین کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، مولانا فضل الرحمان، محمود خان اچکزئی اور آفتاب شیرپاؤ نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزرا اسحاق ڈار، پرویز رشید اور خواجہ سعد رفیق بھی اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال، تحریک انصاف کے لانگ مارچ اور اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کے نفاذ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں شریک پارلیمانی سیاسی جماعتوں کے شرکا نے جمہوریت اور حکومت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت، پارلیمنٹ اور آئین کو ہر صورت بالادست رہنا چاہئے، آئین اور قانون کا احترام ہر سیاسی جماعت پر لازم ہے اور حکومت اور اپوزیشن مل کر نظام کو مضبوط بنائیں گے، اجلاس میں کسی بھی غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔