|

وقتِ اشاعت :   August 5 – 2014

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ، کوئٹہ اور گوادر میں ٹریفک حادثات میں ایک ہی خاندان کی چار خواتین سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق کوئٹہ سے چمن جانے والی ٹوڈی گاڑی قلعہ عبداللہ کے علاقے جنگل پیر علیزئی کے قریب کوئٹہ چمن شاہراہ پر حادثے کا شکار ہوئی۔ گاڑی ٹائر نکلنے کی وجہ سے الٹ گئی۔ حادثے میں ایک ہی خاندان کی چار خواتین جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی تحصیلدار عبدالحمیدزہری ،نائب رسالدار عبدالمالک ،لیویز رسالدار محمدعمرلیویز نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور مقامی لوگوں کی مدد لاشوں اور زخمیوں کو نکالا۔ جاں بحق خواتین کی شناخت بی بی صاحبو زوجہ سید علی، عالم بی بی زوجہ عبدالغنی ، بختاروہ زوجہ حاجی طوطی اور نانئی زوجہ عبداللہ جان کے نام سے ہوئی ہیں جبکہ زخمیوں میں نورمحمدولدشائستہ خان اور طوطی ولد حاجی عبداللہ جان شامل ہیں۔ جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق چمن سے بتایا جاتاہے۔ دریں اثناء کوئٹہ کے علاقے تھانہ کچلاک کی حدود کلی سملی میں سلطان محمد ولد خوشدل خان مہمندکوسڑک عبور کرتے ہوئے کرولا گاڑی نے ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں سلطان محمد شدید زخمی ہوا۔زخمی کو طبی امداد کے لئے بولان میڈیکل اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ ادھر سریاب روڈ پر شاہوانی پمپ کے قریب رکشہ نمبر۵۳۵۴اور ٹرک رجسٹریشن نمبر ٹی کے ٹی۹۵۳کے درمیان ٹکر ہوئی۔ حادثے میں رکشہ ڈرائیور عبدالرسول ولد محمد اسلم بنگلزئی زخمی ہوگیا۔ دوسری جانب گوادر کے علاقے اورماڑہ میں کراچی سے گوادر آنے والی عثمان کوچ رجسٹریشن نمبر بی ایس اے ۵۷۰ لیویز چیک پوسٹ مانجی کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثے میں پانچ مسافر زخمی ہوگئے جنہیں اورماڑہ اسپتال منتقل کردیا گیا۔