مظفر آباد: مظفر آباد میں فاروڈ کہوٹہ سے عباس پور جانے والی وین گہری کھائی میں گرنے سے کم سے کم 16 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
حادثہ مظفر آباد سے 150 کلومیٹر دور چٹھا پل کے مقام پر اُس وقت پیش آیا جب ضلع حویلی کے علاقے فاروڈ کہوٹہ سے عباس پور جانے والی مسافر وین ڈرائیور سے بے قابو ہوکر 300 فٹ گہری کھائی میں جاگری۔
مقامی انتظامیہ کے افسر شمیم عارف نے اے ایف پی کو بتایا کے وین میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے، جبکہ خطرناک موڑ تیزی سے کاٹنے کے باعث حادثہ پیش آیا۔
مقامی پولیس افسر طارق خان نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے ہلاکتوں کی تصدیق کی۔
پاکستان میں سڑکوں کی خراب صورتحال، مرمت کی کمی، اور غیر محتاط ڈرائیونگ کی وجہ سے ٹریفک حادثات عام ہیں، جو بڑی تعداد میں اموات کا سبب بنتے ہیں۔