اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ٹیکنو کریٹس کی حکومت قائم کی جائے جس کی نگرانی میں شفاف انتخابات کروائے جائیں۔
ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس ناصر المک پر مکمل اعتماد ہے، موجودہ حکومت کے خاتمے کے بعد سپریم کورٹ کی حکومت ایک بورڈ بنائے جو کہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کرائے اور اس کے بعد ٹیکنو کریٹس کی حکومت بنائی جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ موجودہ الیکشن کمیشن فراڈ ہے، الیکشن میں دھاندلی کی گئی اور ووٹ چوری کیے گئے، عوام نے 14اگست کو فیصلہ کرنا ہے کہ ان بادشاہوں کی حکومت میں رہنا ہے یا حقیقی جمہوریت چاہیے۔
انہوں نے سوال کیا کہ میں ایک سال دو ماہ سے 4 حلقے کھولنے کا مطالبہ کر رہا ہوں مگر ابھی تک اس کو پورا نہیں گیا تو کیا اب میرے نطالبات سامنے آنے پر میرا تعلق آئی ایس آئی کے سابق سربراہ شجاع پاشا سے ہو گیا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ نواز شریف مارشل لاء کی پیداوار ہیں وہ ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ سمیت سب کو ساتھ ملا کر کھیلنے کے عادی ہیں، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ بھی حکمرانوں سے ملے ہوں ہیں وہ صرف بظاہر اختلاف دکھا رہے ہوتے ہیں۔
14 اگست کو کیے جانے والے احتجاج کے حوالے سے ان کا کہنا تھاکہ پاکستان تحریک انصاف 14 اگست کو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج ہوگا، اسلام آباد میں 10 لاکھ افراد آئیں گے جو حکومت کا خاتمہ کرکے رہیں گے۔