پشاور: وزیراعظم نواز شریف 14 اگست کے دن صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں جائیں گئے، جہاں پر وہ آئی ڈی پیز کے ساتھ یومِ آزادی کا دن منائیں گے۔
چودہ اگست کو وزیراعظم کے دورۂ بنوں کی سرکاری طور پر تصدیق کردی گئی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم بنوں میں آئی ڈی پیز کے لیے قائم کیمپس میں جشنِ آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
پاک فوج کے شعبہِ تعلقاتِ عامہ یعنی آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں کے کیمپ میں سب سے پہلے پاک فوج کے لفٹیننٹ جنرل خالد ربانی پرچم کشائی سے اس تقریب کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔
وزیراعظم نواز شریف ایک ایسے وقت میں بنوں کا دورہ کریں گے، جب پاکستان تحریک انصاف 11 مئی کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف نظام اور حکومتی اقدار کی تبدیلی کا نعرہ لیے اسلام آباد میں لانگ مارچ کرنے جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ شمالی وزیرستان آپریشن کے آغاز کے بعد بے گھر ہونے والے متاثرین کی ایک بڑی تعداد صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں سمیت مختلف ضلع میں موجود ہے۔