وئٹہ: سیکیورٹی فورسز نے سمنگلی اور خالد ایئر بیس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 10 تخریب کاروں کو ہلاک کر دیا جب کہ جوابی کارروائی میں 14 اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب دہشت گردوں نے کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر واقعہ سمنگلی ایئر بیس اور کینٹ میں واقع خالد ایئر بیس پر حملہ کیا جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا، رات بھر سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ جاری رہا اور دہشت گردوں کی جانب سے راکٹوں سے بھی حملہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے سمنگلی ایئر بیس پر سرچ آپریشن مکمل کر لیا ہے جس میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے، 3 دہشت گردوں نے خود کو دھماکا خیز مواد کی مدد سے اڑا یا جب کہ 2 دہشت گرد فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوئے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سمنگلی میں گزشتہ 2 ماہ سے سیکیورٹی فورسز کی سرچ آپریشن جاری تھا اور تجاوزات کو بھی گرایا گیا تھا جس کی وجہ سے سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی۔
وزیر داخلہ بلوچستان کا کہنا ہے کہ خالد ایئر بیس پر پر بھی جوابی کارروائی میں 5 حملہ آور مارے گئے جب کہ مقابلے میں سیکیورٹی فورسز کے 6 اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی بھی ہوئے۔ خالد ایئر بیس پر سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔ دوسری جانب سمنگلی اور خالد ایئر بیس پر حملوں کے بعد کوئٹہ ایئر پورٹ کو بھی پروازوں کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ ایئر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ جب تک دونوں ایئر بیس کلیئر نہیں ہو جاتی اس وقت تک فلائٹ آپریشن معطل رہے گا۔
آئی جی بلوچستان محمد عملیش کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کر کے بڑا سانحہ ہونے سے بچا لیا، آپریشن میں تمام دہشت گرد مارے گئے، 3 حملہ آوروں نے خود کش جیکٹس پہن رکھی تھیں، مقابلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے جب کہ 7 سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔