|

وقتِ اشاعت :   August 19 – 2014

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد کے حساس علاقے ریڈ زون میں داخل ہونے کے لیے خطرناک حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ریڈ زون میں داخل ہونے کے لیے خواتین اور بچوں کے ساتھ مارچ کی قیادت کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں داخل ہونے کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے بچوں اور خواتین کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جبکہ دوسری قطار میں منتخب نمائندے شامل ہوں گے۔ خیبر پختونخوا کے وزیر شوکت یوسفزئی سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ عمران خان خواتین اور بچوں کے ہمراہ مارچ کی قیادت کریں گے۔ خواتین اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ انہیں حفاظت کے پیشِ نظر درمیان میں رکھا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بچوں اور خواتین کے ساتھ مارچ دراصل پولیس کی کارروائی سے بچنے کا ایک منصوبہ ہے، یعنی پولیس کی طرف سے کوئی ردعمل ہوا تو اس کے سامنے عمران خان بچوں اور خواتین کے ساتھ موجود ہوں گے۔ وفاقی وزیر سفرون عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا یہ اقدام غیر انسانی ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے ایک کارکن نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ کوئی نہیں جانتا کہ عمران خان کیا کرنے والے ہیں، کیوں کہ وہ کسی کی نہیں سن رہے اور پارٹی لیڈر بھی اس بات سے خوفزدہ ہیں کہ کیا ہونے جا رہا ہے اور کیا کرنا چاہیے۔