|

وقتِ اشاعت :   August 19 – 2014

پشاور: پاکستان کے قبائلی علاقوں شمالی وزیرستان اور خیبرایجنسی میں جاری آپریشن ضربِ عضب کے دوران پاک فوج کی فضائی کارروائیوں کے نتیجے میں مزید اٹھارہ مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں، جبکہ فورسز نے دہشت گردوں کے بارہ مبینہ ٹھکانے بھی تباہ کر دیے ہیں۔ پاک فوج کے جیٹ طیاروں نے خیبر ایجنسی کی وادی تیرہ کے علاقے کوکی خیل میں دہشت گردوں کے اہم ٹھکانے تباہ کر دیے، جس کے نتیجے میں چھ مبینہ عسکریت پسند ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ نمائندے کے مطابق جیٹ طیاروں نے شمالی وزیرستان ایجنسی کے مختلف علاقوں میں بھی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں بارہ مبینہ دہشت گرد ہلاک جبکہ عسکریت پسندوں کے دس مبینہ ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بھی شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں پاک فوج کی فضائی کارروائی کے دوران عسکریت پسندوں کے بارہ مبینہ ٹھکانے تباہ کرنے کی تصدیق کی ہے، جس کے نتیجے میں اٹھارہ مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق عسکریت پسندوں کے پانچ ٹھکانے خیبر ایجنسی جبکہ سات ٹھکانے شمالی وزیرستان میں تباہ کیے گئے۔