کوئٹہ (رپورٹ /مرتضیٰ زیب زہری) صوبائی محکمہ صحت نے کانگو وائرس سے نمٹنے کا فیصلہ کرلیا، ژوب اور ملحقہ علاقوں میں ویکسینیشن کرنے کا کام شروع، کانگو سے پانچ ہلاک ، مزید تین مریضوں میں وائرس کا انکشاف ، ٹیسٹ اسلام آباد ارسال کردئیے گئے ، صوبائی حکومت نے محکمہ حیوانات کو جانوروں کی ویکسینیشن کرنے کی ہدایت کردی ، عید قرباں سے قبل ویکسینیشن نہ ہوئی تو جانوروں کے ذریعے وائرس کے مزید شہروں میں پھیلنے کا خدشہ ہے ۔ واضح رہے کہ کانگو وائرس کا مرض بھیڑ بکریوں سے لاحق ہوتا ہے اس کی علامات میں مریض کے منہ ، ناک اور پیشاب میں خون آنا ، تیز بخار ہونا اور خون کی الٹیاں آنا ہے عالمی ادارہ صحت کی اعداد و شمار کے مطابق سال 2012میں بلوچستان میں کانگو کے 23جبکہ سال 2013میں 72مریضوں رجسٹرڈ ہوئے ان تما م مریضوں کو فاطمہ جناح جنرل اینڈ چیسٹ ہسپتال کوئٹہ میں عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرکے فارغ کردیا گیا گزشتہ دنوں ژوب میں کانگو سے تین افراد ہلاک ہو گئے اور اب بھی فاطمہ جناح جنرل اینڈ چیسٹ ہسپتال میں کانگو سے متاثرہ تین مریض زیر علاج ہیں ہسپتال ذرائع کے مطابق کانگو کے مریضو ں کو خون سے پلیٹ لیس خلیے الگ کر کے فراہم کی جانی والی جدید پلیٹ لیس مشین بھی نصب کرنے کے بعد ٹیسٹ کے لیے اسلام آبادارسال کردئیے گئے ہیں محکمہ صحت نے ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے فاطمہ جناح اینڈ چیسٹ ہسپتال کوئٹہ کے آئسولیشن وارڈ میں علاج معالجے کی سہولیات سمیت خون کی فراہم کرچکی ہے علاوہ ازیں وارڈ میں کام کرنے والے عملے کو بھی حفاظتی لباس اور دیگر آلات فراہم کیے گئے ہیں تاکہ کسی کو مریض سے یہ مرض لاحق نہ ہو واضح رہے کہ چند سال قبل ماہر معالج کو مریض کے آپریشن کے دوران کانگو کا مرض لاحق گیا تھا جس کی وجہ سے وہ اپنی زندگی کی بازی ہار گئے تھے اس لیے مریضوں کی نگرانی کرنے والے اسٹاف کو بھی احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا ہے عالمی ادارہ صحت نے عید قرباں کے دوران ان مریضوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے محکمہ لائیو اسٹاک سے افغانستان بارڈر اور اندرون صوبہ جانوروں کی ویکسینیشن کرنے کی استدعا کی ہے ادھر محکمہ صحت نے وائر س کی روک تھام کے لیے اقدامات شروع کرلیے ہیں اور ژوب سمیت ملحقہ علاقوں میں ویکسینیشن کا کام شروع ہو گیا ہے جبکہ صوبائی حکومت نے محکمہ حیوانات کو جانوروں کی ویکسینیشن کرنے کی ہدایت کی ہے ۔