|

وقتِ اشاعت :   August 19 – 2014

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے منگل کو حکومت کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات کرنے سے انکار کردیا ہے۔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اب مذاکرات کا وقت نہیں رہا۔ حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کی اعلٰی قیادت کے ساتھ بات چیت کی کوششیں ناکام ہوگئی ہیں۔ پی ٹی آئی سربراہ عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انشاء اللہ ہمارا پر امن آزادی مارچ ریڈ زون کی طرف بڑھے گا اور میں خود اس کی قیادت کروں گا۔ عمران خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمارا آزادی مارچ آئینی اور جمہوری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے منفی جواب ملنے پر حکومت نے دیگر سیاسی قائدین کے ساتھ رابطوں کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم کو صورتحال سے مسلسل باخبر رکھا جا رہا ہے۔ عمران خان کی جانب سے ریڈ زون میں داخلے کے اعلان نے حکومت کو پریشان کردیا ہے اور وزیراعظم کی جانب سے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو ہر قیمت پر ریڈ زون کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔