کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں فرنٹیئر کور نے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک مبینہ ملزم کو ہلاک جبکہ اٹھارہ کو گرفتار کرلیا، ایک گاڑی ، پانچ موٹر سائیکلیں اوربھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق ڈیرہ بگٹی سے چالیس کلو میٹر دور لوپ سرہانی میں بدھ کی صبح تقریباً چار بجے فرنٹیئر کور نے مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران ایف سی اہلکاروں اور مبینہ ملزمان کے خلاف فائرنگ کا تبادلہ ہواجس میں ایک مبینہ ملزم عطاء اللہ عرف عطو ولد ایجو ہلاک جبکہ اٹھارہ مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق صبح چار بجے شروع ہونے والے آپریشن شام پانچ بجے تک جاری رہا۔اس دوران بھاری ایک سنگل ڈور ویگن، پانچ عدد CD70موٹر سائیکلیں اور بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ اسلحہ میں پانچ عدد کلاشنکوف بمعہ آٹھ میگزین اور210گولیاں،ایک عدد چائنہ ساختہ رائفل اور اس کی 88گولیاں بھی شامل ہیں۔