امریکی شہر نیویارک میں ایک جج نے لاطینی امریکی گلوکار شکیرا کےگانے ’ایل کاتا‘ کے خلاف کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کولمبیا سے تعلق رکھنے والی معروف گلوکارہ شکیرا نے اپنے گانے ’ایل کاتا‘ میں ڈومینیکن رپبلک کے گلوکار راموس آریاس واسکوئس کے گانے کی بالواسطہ طور پر نقل کی ہے۔
ایل کاتا کو شکیرا نے ڈومنیکین رپبلک کے گلوکار ایڈون ایڈورڈ بیلو کے ساتھ ریکارڈ کیا تھا۔
نیویارک کی عدالت کے جج ہیلرسٹائن نے کہا کہ یہ گانا اگرچہ شکیرا نے بیلو کے گائے ہوئے گانے کی طرز پر بنایا تھا، لیکن بیلو کا گانا اصل میں راموس آریاس کے گانے کی نقل تھا۔
جج کے مطابق جس نے بھی شکیرا کا گانا لکھا تھا اس نے آریاس کے گانے کی بالواسطہ طور پر نقل کی ہے۔
بیلو نے آریاس کے گانے کی نقل کرنے سے انکار کیا ہے۔
اس گانے کو انگریزی میں بھی ریکارڈ کیا گیا تھا تاہم انگریزی نغمے کو مقدمے کی سماعت کے دوران ثبوت کے طور پر پیش نہیں کیا گیا۔
شکیرا کے اس گانے کو برطانیہ میں ریلیز نہیں کیا گیا تھا، تاہم دنیا بھر میں اس کے 50 لاکھ سے زیادہ البم فروخت ہوئے اور اسے بل بورڈ میگزین کے بہترین لاطینی گانوں میں بھی شامل کیا گیا۔
اس کے علاوہ یہ گانا شکیرا کے ہسپانوی البم ’سال سول‘ میں بھی شامل کیا گیا تھا۔ انگریزی زبان میں اس البم کا نام ’دا سن کمز آؤٹ‘ تھا اور اس میں ایل کاتا کے ہسپانوی اور انگریزی دونوں گانے شامل تھے۔
راموس آریاس کا لکھا ہوا یہ گانا 1990 میں نشر کیا گیا تھا۔
کیس کے مدعی اور آریاس کے گانے کے کاپی رائٹ ہولڈر مایامبا میوزک کے حق میں ابھی تک مالی ہرجانے کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
شکیرا کے ہسپانوی اور انگریزی گانے کے تقسیم کار سونی میوزک تھا، تاہم اس مقدمے میں صرف ہسپانوی گانے کے خلاف شکایت موصول ہوئی تھی۔