تربت: بلوچستان کے ڈسٹرکٹ کیچ میں فرنٹئیر کور نے 12 عسکریت پسند ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔
عسکریت پسندوں اور سیکیورٹی فورسز میں لڑائی تربت کے علاقے دشت میں شروع ہوئی تھی۔
فرنٹئیر کور کے ترجمان خان واسع نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دشت میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا ہے، مسلح تصادم میں اب تک 12 دہست گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
ایک اور اعلی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دشت کے پہاڑی علاقے میں لڑائی دوپہر میں شروع ہوئی تھی جس میں کئی عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے ہیں۔
خان واسع نے بتایا ہے کہ تصادم کے بعد ایف سے نے علاقے سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا ہے جبکہ فورسز کی بروقت کارروائی کے باعث عام شہریوں کو محفوظ بنایا گیا ہے۔
اس تصادم کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد معلوم نہیں ہو سکی ہے البتہ ایف سی کا دعویٰ ہے کہ دشت کا علاقہ اب کنٹرول میں ہے۔
تربت کا علاقہ مکران کے ساحلی علاقے کے ساتھ واقع ہے جس کو صوبہ بلوچستان کے حساس ترین علاقوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
عسکریت پسندوں کیا جانب سے مذکورہ علاقوں میں سیکیورٹی فورسز، حکومت کے حامی سیاست دانوں اور ریاستی املاک پر گزشتہ ایک دہائی سے حملے دیکھنے میں آ رہے ہیں۔