|

وقتِ اشاعت :   August 22 – 2014

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وہ حکومت سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں، لیکن انہیں ایسا تحقیقاتی کمیشن قبول نہیں جس کا سربراہ حکومتی نمائندہ ہو۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ ملک میں سپریم کورٹ کی سربراہی میں غیر سیاسی سیٹ اپ بنایا جائے جو آزاد اور شفاف انتخابات کو یقینی بنائے۔ اس سوال کے جواب میں کہ وزیراعظم نے استعفٰی دینے سے انکار کردیا ہے، اب ان کا لائحہ عمل کیا ہوگا؟ عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم استعفٰی اس لیے نہیں دیں گے کیوں کہ ان کا سارا بزنس حکومت میں آکر ہی پروان چڑھنا شروع ہوتا ہے۔ دھرنے کے خاتمے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب وقت آئے گا تو دیکھا جائے گا، ابھی تو ہم کھڑے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم ایک پُرامن پارٹی ہیں اور ہمارے لیے سارے دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔