|

وقتِ اشاعت :   August 22 – 2014

لاہور: سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف پر پابندی عائد کرنے کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔ درخواست گزار ایڈووکیٹ ایم ایچ مجاہد نے اپنی پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ پی اے ٹی، اور پی ٹی آئی کے دھرنوں سے اسلام آباد میں لوگوں کی نقل و حرکت متاثر ہو رہی ہے۔ درخواست گزار نے کورٹ سے درخواست کی ہے کہ دونوں جماعتوں پر آئین کے آرٹیکل 17 کے تحت پابندی عائد کی جائے۔ آرٹیکل 17 ہر شہری کو یونین سازی کا حق دیتا ہے، لیکن یہ حق پاکستان کے مفاد، خودمختاری، اور استحکام، اخلاقیات، اور پبلک آرڈر سے مشروط ہے. پی ٹی آئی اور پی اے ٹی گزشتہ ایک ہفتے سے 2013 کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف دار الحکومت اسلام آباد میں دھرنا دیئے ہوئے ہیں. یورپی ہیومن رائٹس کمیشن اور دوسرے غیر ملکی مبصرین نے عام انتخابات کی شفافیت، اور انتخابات کے لیے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا.