کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) بلوچستان کے مغربی ضلع کیچ (تربت) کے ایران سے ملحقہ علاقے میں دو مسلح گروہوں اور بعد ازاں ایک مسلح گروہ اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں 20عسکریت پسندہلاک جبکہ7زخمی ہوئے ہیں ، ایف سی ترجمان نے بارہ عسکریت پسندوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق مکران ڈویژن کے ضلع کیچ کی تحصیل دشت کے علاقے رند کھیرین بلنگورمیں جمعرات کو دو کالعدم مسلح تنظیموں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا جو جمعہ کی رات تک جاری رہا۔ تقریباً چالیس گھنٹوں سے زائد تک جاری رہنے والی جھڑپ میں بیس افراد کے ہلاک اور سات کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملا عمر کی سربراہی میں قائم گروہ کی علاقے میں سرگرم علیحدگی پسند بلوچ تنظیم کے ساتھ جھڑپیں علاقے پر اثر و رسوخ کے قیام کیلئے ہیں ۔ ملا عمر کا تعلق ایران اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں سرگرم عسکریت پسند سنی تنظیم جنداللہ سے بتایا جاتا ہے اور ان کے پاس دو سو کے لگ بھگ مسلح افراد ہیں ۔ علیحدگی پسند بلوچ تنظیم نے ملا عمر اور ان کے گروہ کے ارکان کو علاقہ خالی کرنے کا کہا تھا ۔ الٹی میٹم ختم ہونے پر علیحدگی پسند تنظیم نے ملا عمر اور ان کے ساتھیوں کا گھیراؤ کیا ۔ا س دوران دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا۔ جھڑپ میں چھوٹے اور خود کار ہتھیاروں کے علاوہ مارٹر گولے اور راکٹوں کا بھی آزادانہ استعمال ہوا اور دھماکوں سے علاقہ گونج اٹھا۔ ذرائع کے مطابق راکٹ کے گولے لگنے سے ایک مسجد ، ذکر خانہ اور ایک گھر کو نقصان پہنچا ہے ۔جھڑپوں کے باعث قریبی آبادی کو خالی کرالیا گیا۔ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں علیحدگی پسند تنظیم کے کمانڈر گہرام عرف سلام بلوچ ولد بلوچ خان سکنہ مہناز بلیدہ بھی ہلاک ہوا ہے جن کی میت آبائی علاقے پہنچادی گئی ہے۔ملا عمر گروہ کے کئی افراد کے ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاعات بھی مل رہی ہیں۔دوسری جانب علاقے میں علیحدگی پسند تنظیم کے مسلح افراد کی بڑی تعداد میں موجودگی کا اٹھاتے ہوئے سیکورٹی فورسز علاقے میں پہنچ گئی اور ان کے خلاف کارروائی شروع کردی۔ دو طرف فائرنگ کے تبادلے میں علیحدگی پسند تنظیم کی جانب سے شدید نقصانات کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ فرنٹیئر کور بلوچستان کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں16 مسلح افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ’’ فرنٹیئر کور بلوچستان نے تربت کے علاقے دشت میں حساس اداروں کی اطلاع پر دہشت گردوں کیخلاف سرچ آپریشن کیا ٗ سرچ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 12 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ،دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے خفیہ اداروں کی جانب سے اطلاع تھی کہ مطلوب دہشت گردوں نے شہری علاقے کو گھیرے میں لیکر عام شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کا منصوبہ بنایا تھا جس پر فرنٹیئر کور نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے معصوم جانوں کو دہشت گردوں کی ٹارگٹ کلنگ سے بچالیا علاقے کے عوام نے فرنٹیئر کور کی دہشت گردوں کیخلاف کامیاب کارروائی کو سراہا اور خوشی کا اظہار کیا ۔ بیان کے مطابق آئی جی ایف سی میجر جنرل محمد اعجاز شاہد نے ایف سی جوانوں کی دہشت گردوں کیخلاف بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایف سی بلوچستان عوام کے تعاون اور ان کی اطلاع پر دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کرتی رہے گی انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک فرنٹیئر کور بلوچستان بلاتفریق کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے اور جب تک بلوچستان کو امن کا گہوارہ نہیں بنایا جائے گا چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔