رائیونڈ: موجودہ ملکی صورت حال پر وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان ون آن ون ملاقات ختم ہوگئی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن، سابق وزیر داخلہ رحمان ملک اور سینیٹر رضا ربانی کے ہمراہ خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی سے لاہور پہنچے جہاں سے وہ بذریعہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے رائے ونڈ میں جاتی عمرہ پہنچے، جہاں ان کا استقبال وزیراعظم نوازشریف نے خود کیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، حمزہ شہباز، خواجہ آصف، عبدالقادر بلوچ اور وزیر اطلاعات پرویز رشید بھی موجود تھے۔
سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم نواز شریف کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں ملک کی مجموعی صورت حال اور اسلام آباد میں دھرنوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔، ون آن ون ملاقات کے بعد سابق صدر نے وزیر اعظم کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کررہے ہیں اور اس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کا دوسرا دور ہوگا جس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنما بھی شرکت کریں گے۔