|

وقتِ اشاعت :   August 24 – 2014

اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنما شرکت بسرا نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے استعفے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف مقدمہ درج کرنے پر غور کررہی ہے۔ تاہم، وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک بیان میں اپنے استعفے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔ ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت ماڈل ٹاؤن میں پیش آنے والے اس واقعہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے پر رضامند ہوگئی ہے جس میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں سمیت کم از کم 14 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج شام تک صورتحال واضح ہو جائے گی اور امکان ہے کہ شہباز شریف کے استعفے کے بعد راجا اشرف سرور کے نام پر غور کیا جائے گا۔ دوسری جانب وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیراعلیٰ پنجاب شہاز شریف کی آج آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ساتھ ملاقات متوقع ہے۔ موجودہ سیاسی بحران میں اس ملاقات کو کافی اہمیت دی جارہی ہے۔ خیال رہے کہ ملاقات ایک ایسے وقت متوقع ہے جب عمران خان اور طاہر القادری اپنے مطالبات منوانے کے لیے گزشتہ دس روز سے اسلام آباد کے ریڈ زون میں دھرنا دیے ہوئے ہیں۔ تحریک انصاف کی جانب سے اولین مطالبہ وزیراعلیٰ نواز شریف کا استعفی ہے جس پر گزشتہ روز دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کے تیسرے مرحلے میں بھی اتفاق نہ ہوسکا۔