|

وقتِ اشاعت :   August 25 – 2014

پشاور: جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور کافی بہتر رہا اور بات چیت کا ٹریک پر آنا خوش آئند ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام خیر خواہ مذاکرات سے مسئلے کا حل چاہتے ہیں کیونکہ اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ لاشوں کے انتظار میں تھے، تاہم دھرنا پر امن رکھنے پر دونوں جماعتوں کے شکر گزار ہیں۔ سراج الحق نے زور دیا کہ بحران کو مذاکرات سے حل کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ مسئلے کا حصہ بننے کے بجائے حل کا حصہ بننا چاہیے، یہی وجہ ہے کہ ہم نے تحریک انصاف سے صلح کی کوششوں کو موقع دینے کی درخواست کی ہے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اپنے رویے میں کافی لچک دکھائی ہے اور ایک حقیقیت پسندانہ سوچ تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے ۔ دوسری جانب حکومت کی بھی کوشش ہے کہ جلد ازجلد اس بحران سے نکلا جائے، تاہم حکومت وزیر اعظم کے استعفیٰ پر بات نہیں کرنا چاہتی۔