|

وقتِ اشاعت :   August 26 – 2014

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ضلع مستونگ کی تحصیل دشت میں سڑک کنارے نصب پندرہ کلو وزنی بم ناکارہ بنادیا گیا۔ اسپلنجی میں بلوچستان کانسٹیبلری کے کیمپ پر راکٹ حملہ جبکہ ضلع لہڑی میں ایف سی چیک پوسٹ پر فائرنگ ہوئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اسسٹنٹ کمشنر دشت عمران بنگلزئی کے مطابق دشت کے علاقے زہری گڑھ میں اسپلنجی روڈ پر نامعلوم افراد نے سڑک کنارے بم نصب کر رکھا تھا۔معمول کے گشت پر مامور لیویز اہلکاروں نے سڑک کنارے مشکوک چیز دیکھنے پر لیویز کنٹرول کواطلاع دی ۔ بعد ازاں کوئٹہ سے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بلایاگیا ۔ اطلاع ملنے پر ڈی سی علی اکبر ،اسسٹنٹ کمشنر عمران بنگلزئی ، ایف سی کے ونگ کماندر لیفٹیننٹ کرنل کاشف عباس اور دیگر حکام موقع پر پہنچ گئے۔بم ڈسپوزل اسکواڈ نے معائنہ کیا تو موقع سے پانچ کلو وزنی دیسی ساختہ بم ،اس سے منسلک دس کلو ٹینک شکن بارودی سرنگ ،موٹر سائیکل کی بیٹری ، ریسوراور ٹائم ڈیواس برآمد ہوا۔ دیسی ساختہ بم کو ناکارہ بنادیا گیا جبکہ ٹینک شکن بارودی سرنگ کو ناکارہ بنانے کی کوشش ناکام ہونے پر دور سے فائرنگ کرکے بارودی سرنگ کو ناکارہ بنادیاگیا۔ دریں اثناء زہری گڑھ میں ہی نامعلوم افراد نے بلوچستان کانسٹیبلری کے کیمپ پر راکٹ کا گولہ داغا اور بعدازاں چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔ بی سی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ پر ملزمان فرار ہوگئے۔ادھر ضلع لہڑی میں سبی سے جنوب مشرق میں پچیس کلو میٹر دور گوری پل کے قریب ایف سی 77ونگ کی چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد نے چھوٹے ہتھیارون پر اندھا دھند فائرنگ کی ۔ ایف سی اہلکاروں نے بھی جواب میں فائرنگ کی تاہم فائرنگ کے تبادلے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔