کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پنجگورمیں نامعلوم افراد نے نجی اسکول کے دفتر کو نذر آتش کردیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق آتشزدگی کے باعث دفتر میں موجود ریکارڈ اور فرنیچر کو نقصان پہنچا۔ واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ایک روز قبل بھی نجی اسکول کے اساتذہ کی گاڑی پر نامعلوم افرا دنے فائرنگ کی تھی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ یاد رہے کہ اس سے اسکول کے دفتر کواس سے قبل بھی جلایا گیا تھاجس کی ذمہ داری تنظیم الاسلام الفرقان نے قبول کی تھی اور نجی اسکولوں میں لڑکوں اور لڑکیوں کے ایک ساتھ تعلیم کو بند نہ کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی۔ ان دھمکیوں کے بعد پنجگور میں چار ماہ تک نجی اسکول بند رہے۔ گزشتہ ماہ ہی مقامی انتظامیہ کی یقین دہانی پر نجی اسکول دوبارہ کھلے تھے ۔تازہ واقعات کے بعد نجی اسکولوں کے اساتذہ اور طالب علموں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔