|

وقتِ اشاعت :   August 28 – 2014

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی اور پنجگور میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ اور سرکاری تنصیبات پرتیرہ راکٹ داغے گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں گزشتہ شب نامعلوم سمت یکے بعد دیگرے چار راکٹ کے گولے داغے گئے جن میں سے تین آسریلی نالے میں گرے جبکہ ایک راکٹ پیش بوگی کے مقام پر گرا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اسی طرح بدھ کی علی الصبح چار بجے ڈیرہ بگٹی سے تیس کلو میٹر دور تحصیل سنگسیلہ میں نامعلوم افراد نے لوٹی گیس پلانٹ پر یکے بعد دیگرے دو راکٹ داغے جو پلانٹ کے قریب گر کر زوردار دھماکوں سے پھٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بدھ کی ہی صبح پانچ بجے کے قریب ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیر کوہ سے تیس کلو میٹر دور پتھر نالے کے قریب نامعلوم افراد نے ایف سی بمبور رائفلز کی چیک پوسٹ نمبر چار پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائر کی۔ ایف سی اہلکاروں کی جوابی کارروائی پر ملزمان فرار ہوگئے۔ پیر کوہ ہی میں نامعلوم افراد نے نامعلوم سمت سے یکے بعد دیگرے چھ راکٹ داغے جن میں سے ایک راکٹ شوکت کالونی کے بیرونی حصے کے قریب گرا ۔ ایک پیرکوہ گیس پلانٹ کے مشرقی حصے میں گرا جبکہ دیگر چار راکٹ کھلے میدان میں گر ے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر ضلع پنجگور کے پولیس تھانہ سٹی کی حدود میں بکری پیڑی کے قریب نامعلوم افراد نے ایف سی کی چیک پوسٹ پر راکٹ کا گولہ داغا جو چیک پوسٹ کے قریب کھلے میدان میں گر کر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ ایف سی اہلکاروں نے جواب میں چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی جس پر حملہ آور فرار ہوگئے۔