کوئٹہ: پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد نے نیٹو کے لیے تیل لے جانے والے تین آئل ٹینکرز پر حملہ کر دیا جس سے ان میں آگ لگ گئی۔
پولیس افسر امیر ہمزہ نے بتایا کہ یہ واقعہ مستونگ بازار میں پیش آیا، جہاں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد نے نیٹو ٹینکرز پر فائرنگ کردی جس سے ان میں آگ لگ گئی۔
حملے کے نتیجے میں ٹینکرز کے ڈرائیورز محفوظ رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعہ کے بعد مسلح حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ آئل ٹینکرز کراچی پورٹ سے بلوچستان کے راستے افغانستان جارہے تھے۔
واقعہ کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
ابتدائی طور پر اس واقعہ کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔