اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور حکومت کے درمیان آج ہونے والی بات چیت میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی ہے اور دونوں کے درمیان ڈیڈ لاک تاحال برقرار ہے۔
حکومتی کمیٹی کے ساتھ کنونشن سینٹر میں ہونے والے مذاکرات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی کمیٹی کے سربراہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان کی جماعت نے حکومت سے پارلیمنٹ میں اپنائے جانے والے مؤقف پر وضاحت طلب کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بیان کیا گیا حکومتی مؤقف حقائق پر مبنی نہیں ہے اور حکومت اور پی ٹی آئی میں اختلاف اعتماد کے فقدان کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس تمام صورتحال کے باوجود میٹنگ میں گئے اور ایک مرتبہ پھر حکومت کو اپنے چھ نکاتی مطالبے پر بریفنگ دی ۔
دونوں کمیٹیوں میں ہونے والی یہ ملاقات وزیراعظم اور وزیرداخلہ کے قومی اسمبلی میں خطاب سے چند گھنٹے بعد ہوئی ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے فوج سے مدد طلب کرنے کی اطلاعات کی تردید کی۔۔
مختلف حلقوں کی جانب سے یہ توقع کی جا رہی تھی کہ فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی جانب سے گزشتہ شب عمران خان اور طاہر القادری سے ملاقات کے بعد مذاکرات کو یہ دور نتیجہ خیز ہوگا۔
تاہم تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی جانب سے اپنے مطالبات میں کسی بھی قسم کی لچک نہیں دکھائی جا رہی ہے۔