پارلیمنٹ کے فلور پر جھوٹ بولا گیا، طاہر القادری
قبل ازیں پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ آج پارلیمنٹ کے فلور پر وزیراعظم نے جھوٹ بولا ہے اور اس پر اُن کا مواخذہ ہونا چاہیٔے۔ اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جو کچھ کہا وہ جھوٹ ہے اور ان کا یہ جھوٹ ان کو فوری طور پر بر طرف کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔ جھوٹ بولنے پر امریکا کے صدر تک برطرف کیے جا چکے ہیں۔ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ میں ایک منٹ ضائع کیے بغیر ان کا جھوٹ رد کرنے آیا ہوں، اگرچہ میری طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔ پی اے ٹی سربراہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور ان کے رفقاء پارلیمنٹ کے تقدس کو پامال کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی باتیں آرمی چیف کوبدنام کرنے کے مترادف ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے خطاب کے دوران کہا کہ شریف برادران شام تک مستعفی نہ ہوئےتوثالثی کی بات آگےنہیں چلےگی۔ یاد رہے کہ آج قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا تھا کہ آرمی چیف کو ملاقات کی درخواست تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے سربراہان نے خود کی تھی۔