آواران(نمائندہ آزادی) آواران کے علاقے زیارت دان میں ذکری فرقے کی عبادت گاہ پر نامعلوم مسلح افراد کا حملہ، 6 افراد جاں بحق جبکہ 7زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق آواران کے علاقے زیارت دان میں ذکری فرقے کی عبادت گاہ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 6افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوئے ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ جان نے ’’روزنامہ آزادی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ حملہ اس وقت کیا گیا جب لوگ عبادت میں مصروف تھے اور ان پر جدید ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی، ان کا کہنا ہے کہ زیارت دان سٹی ایریا سے کافی دور ہے ریسکیو ٹیم کو روانہ کردیا گیا ہے جو لاشیں وہاں سے اٹھاکر ڈسٹرکٹ آواران منتقل کیا جائے گا جس میں کافی وقت لگے، انہوں نے کہاکہ لاشوں کے بارے میں فی الحال کچھ کہا نہیں جاسکتا ان کی شناخت کرنا ابھی باقی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگ کافی دوردراز علاقوں سے زیارت دان میں عبادت کرنے کیلئے آتے ہیں، واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔ تاہم دوسری جانب اب تک اس حملے کے حوالے سے تفصیلات طلب کرنے کیلئے حکام نے اپنی کوششیں شروع کردی ہے۔