|

وقتِ اشاعت :   August 30 – 2014

کوئٹہ میں آئے دن بجلی کی بندش ایک معمول بن گئی ہے ۔ کیسکو انتظامیہ ہمیشہ جھوٹ کا سہارا لیتی ہے ۔ لوگوں خصوصاً صارفین کو دھوکہ دیتی ہے ۔ دن میں کئی بار بجلی کی فراہمی میں خلل ڈالا جاتا ہے ۔ شاید کیسکو اور اس کی نا اہل انتظامیہ کا مقصد لوگوں کو ہراساں کرنا اور ان کواذیت سے دوچار کرنا ہے ۔ مرمت کے نام پر کئی گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل رہتی ہے حالانکہ مرمت کا کام لائن لاسزکی کمی کو پورا کرنا ہوتاہے ۔ ویسے بھی کیسکو اور دوسرے اداروں نے ملک بھر میں لوٹ مار شروع کررکھی ہے ۔ لائن لاسنر کی قیمت بھی صارفین سے وصول کی جارہی ہے ۔ جو غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے جو بجلی صارفین استعمال نہیں کرتے ان کی قیمت عام لوگوں سے کیوں وصول کی جاتی ہے ۔ عدالت عالیہ نے اس کا نوٹس لیا تھا اور بعض احکامات کے تحت بجلی کے صارفین سے غیر قانونی وصولی سے منع کردیا تھا ۔ اب بھی لوگوں کو یہ شکایت ہے کہ ڈیجیٹل میٹر کے نام پر تیز رفتار میٹر لگائے گئے ہیں جو بعض اوقات تو بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران بھی چلتے رہتے ہیں ۔ یہ سب تماشہ کیسکو کے ایک انسپیکٹر کے سامنے ہوا وہ میٹر چیک کرنے آئے اور انہوں نے اپنی آنکھوں سے لوڈشیڈنگ کے دوران ڈیجیٹل میٹر کو برق رفتاری سے چلے دیکھا ۔ کیسکو اس بات پر کبھی توجہ نہیں دیتی کہ وہ اپنی سروس کو بہتر بنائے ۔ آئے دن بجلی کی وولیٹج میں کمی بیشی POWER FLUCTUATIONاپنی انتہا کوپہنچا ہے۔ ہمارے اس چھوٹے سے ادارے میں ہمارے کمپیوٹرز اور دوسرے آلات کو آئے دن نقصان پہنچتا ہے اور ہر ماہ ہم کو ہزاروں روپے ان کی مرمت پر خرچ کرنے پڑتے ہیں ۔وجہ صرف کیسکوانتظامیہ کی نا اہلی ہے ۔ وہ دوسرے معاملات میں زیادہ مداخلت کرتے ہیں اور اپنے بنیادی کام پر توجہ نہیں دیتے ۔ جب کبھی وہ دباؤ میں آتے ہیں تو ٹریڈ یونین یا مزدوروں کی تنظیم کو ڈھال بنا لیتے ہیں ۔بہر حال غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا کوئی جواز نہیں ہے ۔ اس کو فوراً بند ہونا چائیے ۔ اگر کہیں کوئی فالٹ ہوتا ہے تو وہ مقامی ہوتا ہے اور اسکے بہانے پوری دنیا کی بجلی بند نہیں کرتے۔ یہ واضح ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بد نیتی پر مبنی ہے اور اس کا مقصد صرف اور صرف لائن لاسز کو کم سے کم دکھانا ہے یہ سارا ڈرامہ نا قابل قبول ہے ۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ ہمارے پارلیمان میں موجود نمائندے کیسکو کی نا اہلی کا مسئلہ قومی اسمبلی اور سینٹ میں اٹھائیں گے اور کوئٹہ کے شہریوں کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائیں گے۔