اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے مسئلے کے حل کیلئے 100 روز بھی بیٹھنا پڑا تو بیٹھنا چاہئے جبکہ موجودہ صورتحال میں راولپنڈی کی طرف دیکھنا سیاست دانوں کی ناکامی ہے۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ہم نے عمران خان اور طاہرالقادری کو پارلیمنٹ کی طرف سے ضمانت دی ہے اب دونوں رہنما چاہیں تو پارلیمنٹ ان کے مطالبات کی ضامن بن سکتی ہے جبکہ اس مسئلے میں اصل ثالث عوام ہیں اور حتمی فیصلہ بھی ان ہی کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں ابھی تک خون خرابہ نہ ہونا دنیا کے لیے امن کا پیغام ہے، دھرنوں کا مسئلہ آئینی و جمہوری طریقے سے حل ہونا چاہئے اور اس کے لیے 100 روز بھی بیٹھنا پڑے تو بیٹھنا چاہئے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ یہ چند افراد کا نہیں بلکہ 18 کروڑ عوام کا مسئلہ ہے،فریقین کو مسئلے کے حل کے لئے ایک ایک قدم پیچھے ہٹنا ہوگا جبکہ اس معاملے میں راولپنڈی کی جانب دیکھنا سیاستدانوں کی ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور دھاندلی ثابت ہونے پر حکومت دوبارہ الیکشن کرائے۔