کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے ضلع قلات میں کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس حادثے کا شکار ہوگئی، چارافراد جاں بحق اور 25سے زائد زخمی ہوگئے۔ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق حادثہ قلات سے تقریباً دس کلو میٹر دور سنگداس کے مقام پر پیش آیا جہاں کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر کھائی میں جاگری۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی ۔بتایا جاتا ہے کہ بس اوندھے منہ نیچے گری جس کی وجہ سے بس میں موجود افراد کو نکالنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مقامی انتظامیہ نے پھنسے ہوئے مسافروں کونکالنے کے لئے کرین کی مدد بھی لی۔ آخری اطلاعات کے مطابق بس سے دو بچوں سمیت تین افراد کی لاشیں اور سولہ افراد کو زخمی حالت میں نکالا گیا ہے۔ایک عینی شاہد کے مطابق بس کے اندر مزید بھی افراد پھنسے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔