گزشتہ دنوں ہزاروں بلوائیوں نے جو ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کی پاکستان عوامی تحریک کے حق میں نعرے لگا رہے تھے ۔ پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر پر ہلہ بول دیا ۔ انتہائی تربیت یافتہ بلوائی سیدھے پی ٹی وی کے تکنیکی ایریا میں پہنچ گئے اور انہوں نے مطلوبہ کیبل کاٹ دیا ۔ ان کے پاس اس کیبل کو کاٹنے کا ضروری سامان موجود تھا ۔ پہلے انہوں نے پی ٹی وی ورلڈ اور بعد میں پی ٹی وی نیوز کے پروگرام بند کرائے۔ ڈنڈا بردار ‘ ہجوم جن کے پاس پاکستان عوامی تحریک کے جھنڈے تھے تقریباً ہر کیمرے پر قبضہ کیا ۔ پورے ہیڈ کوارٹر میں توڑ پھوڑ کی، ضروری سامان کو تباہ کیا ۔ کیمرے چھین کر لے گئے یہاں تک کہ ایک خاتون اینکر پرسن کے ساتھ نہ صرف بدتمیزی کی بلکہ ان کا پرس بھی چھین کر لے گئے ۔اور عوامی تحریک کے حماییتوں نے علامتی طورپر 45منٹ تک پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر پر قبضہ جاری رکھا ۔ جس وقت پی ٹی وی اسٹیشن پر حملہ کیا گیا اس وقت محدودپیمانے پر پولیس موجود تھی جو بڑی تعداد میں بلوائیوں کو روک نہیں سکتی تھی ۔پی ٹی وی کی انتظامیہ نے سیکورٹی فورسز سے امداد طلب کی جو بعد میں پہنچ گئی اورانہوں نے مداخلت کرکے بلوائیوں کو پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز سے نکالا ۔ جس وقت فوجی افسر بلوائیوں سے خطاب کررہا تھا اس میں واضح نشاندہی یہ کی گئی کہ وہ سب کے سب پاکستانی عوامی تحریک کے کارکن تھے۔ تاہم اتنے بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ اور 45منٹ تک قبضہ کے باوجودکوئی گرفتاری عمل میں نہیںآئی ۔ کیمرہ کی آنکھ نے سب کچھ دکھایا کہ بلوائیوں نے کتنے بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی ، ان میں سے اکثر لوگوں کے پاس ڈنڈے تھے۔ دوسرے الفاظ میں انتہائی دوستانہ ماحول میں پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر کو بلوائیوں سے خالی کرایا گیا ۔ یہ ایک معمولی واقعہ نہیں ہے ۔ اس نے حکومت کو جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے ۔ اس کی ساکھ پر بہت بڑا حملہ کیا گیا ہے ۔ اس دوران بلوائی کسی بھی قسم کے اعلانات کر سکتے تھے کہ حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا ہے ۔ وزیراعظم اور انکے کابینہ کے کچھ وزراء کو گرفتار کرلیاگیا ہے ۔ لیکن معلوم ہوتا ہے کہ ماہر بلوائیوں جنہوں نے تکنیکی ایریا پر قبضہ کیا تھا اور کٹر کے ساتھ کیبل کاٹ دئیے تھے ‘ کا مقصد صرف یہی کچھ کرنا تھا ۔ اس سے زیادہ نہیں یا حکومت وقت کو صرف اتنا ہی بڑا شاک دینا تھا ۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ ڈاکٹر قادری اور عمران خان اس بات کی تردید کرتے ہیں کہ وہ بلوائی ان کے لوگ نہیں تھے ۔ ہزاروں کی تعداد میں گلوبٹ تھے جو آسمان سے اتر کر ریڈ زون پہنچ گئے تھے ۔ بہر حال ٹی وی کے کیمروں نے سب کچھ عوام کے سامنے فاش کردیا ہے ۔ ان دونوں حضرات ڈاکٹر قادری اور عمران خان کی تردید کوئی تسلیم نہیں کرے گا۔