|

وقتِ اشاعت :   September 5 – 2014

اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور غیرملکی سرمایہ کاری کا راستہ روکنے پر عمران خان اور طاہرالقادری کو جواب دینا ہوگا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں دھرنوں اور مظاہروں سے پاکستان کی جو بدصورت تصویر بنائی گئی ہے اس کے باعث تیسرے سربراہ مملکت کا دورہ پاکستان منسوخ ہو چکا ہے۔ انھوں نے سوال کیا کہ اگر چین کے صدر ہندوستان جاتے ہیں اور پاکستان نہیں آتے تو کیا یہ پاکستانیوں کےلیے شرم کی بات نہیں؟ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اورمحکمہ خارجہ نے چین کو بڑی مشکل سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار کیا اور چینی صدرکی آمد سے پاکستان میں اربوں ڈالرکی سرمایہ کاری کے معاہدے ہونا تھے۔ انھوں نے کہا دھرنوں کے باعث ملکی معیشت کو ساڑھے پانچ سو ارب روپے کا نقصان پہنچ چکا ہے۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ بجلی کا بحران دھرنوں سے نہیں بلکہ کام کرنے سے ختم ہو گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری اس بات پر قوم کو جواب دیں کہ ان پر تشدد مظاہروں نے پاکستان کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان مظاہرین کو ہٹانے میں صرف پندرہ منٹ درکار تھے، لیکن اس تحمل و بردباری کو ہماری کمزوری سمجھا گیا۔ انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا فوج جسے ضرب عضب میں مصروف ہونا تھا ، وہ پارلیمنٹ کی حفاظت پر مجبور ہے۔