|

وقتِ اشاعت :   September 6 – 2014

نیویارک : بڑھاپے کو خود سے دور رکھنا چاہتے ہیں؟ اگر ہاں تو سب سے بہترین حکمت عملی اپنے دونوں پیروں میں کھڑے رہ کر زیادہ سے زیادہ وقت گزارنا ہے۔ یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے جس کے مطابق اپنا زیادہ وقت کھڑے رہ کر گزارنے سے ڈی این اے کو تحفظ ملتا ہے۔ سوئیڈن کی کیرولینیسکا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق بہت زیادہ دیر تک بیٹھے رہنے سے کروموسومز میں موجود ٹیلومیئرز مختصر ہوجاتے ہیں اور یہ جسمانی نظام کا وہ حصہ ہوتا ہے جو عمر کی رفتار کو کنٹرول کرتا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ٹیلومئیر کا مختصر ہونا قبل از وقت بڑھاپے، امراض اور جلد موت کا سبب بنتا ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ کم وقت کرسیوں یا صوفوں پر گزارنا لوگوں کی طویل زندگی کے لیے ضروری ہے کیونکہ اس سے ان کا ڈی این اے بڑھاپے کا شکار نہیں ہوتا۔ تحقیق میں مزید بتایا گیا ہے کہ جو لوگ اپنا زیادہ کھڑے رہ کر گزارتے ہیں ان کا جنیاتی نظام بہتر اور مشکلات سے محفوظ رہتا ہے۔ تاہم زیادہ ورزش ٹیلومئیر کی لمبائی یا کمی پر کوئی اثرات مرتب نہیں ہوتے۔ محقق پروفیسر مائی لیس ہیلینیس کا کہنا ہے کہ متعدد ممالک میں رسمی ورزش کرنے کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ لوگ اپنا زیادہ وقت بیٹھ کر ہی گزارتے ہیں، کم جسمانی سرگرمیاں سست طرز زندگی کے سبب ہمارے دور میں صحت کی ایک نئی وبا ہے۔