|

وقتِ اشاعت :   September 7 – 2014

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے پاک افغان سرحدی شہر چمن میں سرچ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کا ایک ملزم ہلاک جبکہ دو ساتھیوں کو گرفتار کرلیا گیا ، ملزمان سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔ سیکورٹی فورسز کے ذرائع کے مطابق ایک حساس ادارے کی اطلاع پر چمن کے نواحی علاقے رحمان کہول روڈ پر نور علی کاکوزئی نامی شخص کے چھاپہ مارا گیا۔ کارروائی میں حساس ادارے کے علاوہ ایف سی چمن اسکاؤٹس اور کوئٹہ سے بلائے گئے انٹی ٹیررسٹ فورس کے اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔کارروائی کے دوران گھر میں موجود ملزمان نے فورسز پر فائرنگ کردی۔ جوابی کارروائی میں ایک ملزم ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی زخمی ہوگئے جنہیں گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے ایک عدد 12.7گن، دو عدد کلاشنکوف، دو عدد7ایم ایم رائفل،دھماکا خیز مواد، دھماکوں میں استعمال ہونے والے آلات، فیوز، ایک موٹر سائیکل اور ایک وٹز گاڑی برآمد کرلی گئی۔ گرفتار ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک و گرفتار ملزمان کا تعلق پنجابی طالبان سے ہے۔ چمن میں ایک دوسری کارروائی کے دوران پاک افغان سرحد کے قریب ایف سی اہلکار وں نے افغانستان سے آنے والی ایک مشکوک پک اپ گاڑی کو پاکستان میں داخل ہوتے ہوئے د یکھ کر ر کنے کا اشارہ کیا تو اس میں سوار افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی ایف سی کی جوابی کارروائی کے بعد ملزمان گاڑی چھوڑ کر سرحد پار افغانستان فرار ہوگئے۔ ایف سی نے گاڑی کو قبضے میں لے کر چیک کیا تو اس میں سے1573کلو چرس برآمد ہوئی جس کی بین الاقوام مارکیٹ میں قیمت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔