|

وقتِ اشاعت :   September 10 – 2014

اسلام آباد: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں کیوں کہ انہوں نے سیلاب کی روک تھام کے لئے کچھ نہیں کیا اور اب کہا جارہا ہے کہ دھرنا ختم کیا جائے۔

اسلام آباد کے ڈی چوک پر آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سیلاب کے باعث کسانوں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا جبکہ سیلابی پانی کو ذخیرہ کر کے قابل استعمال بنایا جاسکتا تھا لیکن سیلاب کی روک تھام کے لئے اقدامات نہ کرنا پنجاب حکومت کی غفلت کا نتیجہ ہے اور وہی اس کی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ہر حال میں سیلاب متاثرین کی مدد کرے گی، حکومت کے ساتھ ملنے والے کرپٹ ٹولے کا مقابلہ کر کے دکھائیں گے۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ تحریک آزادی کے بعد یہ تحریک سب سے بڑی ہے، ہم اپنے لئے نہیں بلکہ مظلوم طبقے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں، ان لوگوں کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں جنہیں حکمران بھیڑ بکریوں کی طرح رکھتے ہیں اوران بچوں کے لئے لڑ رہے ہیں جنہیں ان کے بنیادی حق تعلیم کے حصول سے دور رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاحب اقتدار پاکستان کو اپنی ریاست سمجھتے ہیں اور اپنے بچوں کو باریاں لینے کے لئے تیار کر رہے ہیں، قائداعظم اور علامہ اقبال نے جس پاکستان کے لئے جدوجہد کی اسے حقیقی شکل میں لانے کے لئے کوشش جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ چیرمین تحریک انصاف نے سیالکوٹ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جہاں متاثرین سے ملاقات کے بعد عمران خان دوبارہ دھرنے میں پہنچ گئے ہیں۔