|

وقتِ اشاعت :   September 10 – 2014

کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں رواں سال پولیو کا دوسرا کیس منظرعام پر آگیا ہے۔ بدھ کو ایک ڈیڑھ سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کے ساتھ اس سال بلوچستان میں پولیو کے شکار ہونے والے افراد کی تعداد دو ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت کے ترجمان ڈاکٹر اسحاق پانیزئی نےبتایا کہ پولیو کا شکار ہونے والا بارہ ماہ کا بچہ گل محمد کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس کا رہائشی ہے۔ تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ مذکورہ بچہ افغان خاندان سے تعلق رکھتا تھا یا کوئٹہ کے مقامی خاندان سے تھا۔ مشرقی بائی پاس میں واقع گھروں میں بڑی تعداد میں افغان مہاجرین رہائش پذیر ہیں، جہاں کچھ سال قبل پولیو کے قطرے پلانے والی ایک ٹیم پر حملہ بھی کیا گیا تھا۔ بلوچستان میں سولہ ماہ کے وقفے کے بعد رواں سال پولیو کا پہلا کیس جولائی میں کوئٹہ کے ڈسٹرکٹ قلعہ عبداللہ میں سامنے آیا تھا۔ کوئٹہ کے ضلع قلعہ عبداللہ اور پشین میں پولیو کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری ہے اور یہاں ہر تین ماہ بعد پولیو کی مہم چلائی جا رہی ہے۔ بلوچستان میں سال 2011ء کے دوران پولیو کے 73 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جس کے بعد انتظامیہ نے صوبے سے پولیو کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا دائرۂ کار بڑھا دیا تھا۔ ملک میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے پاکستانیوں کے بیرون ملک سفر کے لیے پولیو ویکسین کی شرط بھی عائد کی جا چکی ہے۔