کیوپرٹینو : اسمارٹ ٹیکنالوجی کے پرستاروں کا انتظار بالآخر ختم ہوا اور ایپل نے ایک ساتھ بڑی اور بہتر ڈسپلے والے دو نئے آئی فون اور ایپل واچ متعارف کرادی ہے جسے اس معروف کمپنی نے اپنی تاریخ کا نیا باب قرار دیا ہے۔
یہ ایپل کی جانب سے اسٹیو جابز کے بعد چیف ایگزیکٹو بننے والے ٹم کوک کے زیرتحت پہلی نئی مصنوعات ہے اور یہ اسمارٹ واچ صحت اور فٹنس ٹریکنگ کے ساتھ کمیونیکشن کا کام بھی کرے گی۔
ایپل کی حریف کمپنیاں سونی کارپوریشن، سام سنگ، ایل جی الیکٹرونکس اور دیگر پہلے ہی اسمارٹ واچز متعارف کراچکی ہیں تاہم انہیں اس میدان میں زیادہ کامیابی نہیں ملی۔
امریکی شہر کیوپرٹینوکے فلنٹ سینٹرمیں ہونے والی تقریب میں ایپل آئی فون سکس متعارف کرایا، یہ فون دوسائزز میں دستیاب ہو گا، آئی فون سکس کی اسکرین 4.7 انچ جبکہ آئی فون سکس پلس کی اسکرین 5.5 انچ کی ہے۔
ان دونوں فونز کا ڈسپلے ون زیروایٹ زیرو یعنی ایچ ڈی ریزولیوشن کے برابرہوگا، جبکہ ان کے ذریعے فورجی اوروائی فائی کالنگ سمیت آن لائن رقم کی ادائیگی بھی ممکن ہوگی۔
آئی فون سکس پرگیمز کھیلنا ہوگا بہت دلچسپ، کیونکہ اے ایٹ نامی چپ سے فون کی پروسیسنگ پاور پچیس گنا بڑھ گئی ہے۔
فون میں نصب 8 میگا پکسل کیمرہ دو سو چالیس فریمز فی سیکنڈ کیپچر کرتا ہے۔
یہ فون موشن چپ اور بیرو میٹرکی مدد سے یہ بھی بتا سکتا ہے کہ آپ نے روز کتنی سیڑھیاں چڑھیں۔