کراچی: پاکستان کے تجارتی و معاشی حب اور صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں جامعہ کراچی کے لیکچرار اور جامعہ بنوریہ میں استاد مولانا مسعود بیگ ہلاک ہوگئے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں حیدری مارکیٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے بعد مولانا مسعود کو شدید زخمی حالت میں قریبی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
رپورٹ کے مطابق جس وقت یہ واقعہ پیش آیا مولانا مسعود یونیورسٹی سے اپنے گھر کی جانب جا رہے تھے۔
مولانا مسعود مفتی محمد نعیم کےداماد تھے، وہ جامعہ بنوریہ میں استاد اور البینات کے ناظم اعلیٰ بھی تھے۔
مقتول کی میت جب ہسپتال سے جامعہ بنوریہ منتقل کی گئی تو مفتی نعیم سمیت علمائے کرام اور ان کےعزیزواقارب کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔
واقعہ کے بعد نارتھ ناظم آباد اورسائٹ سمیت دیگر علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی۔
پولیس کے مطابق مذکورہ واقعہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔